پرائس مجسٹریٹس ، انسپکٹر اور دیگر فیلڈ سٹاف روزانہ کی بنیاد پر اپنی کارکردگی رپورٹ مرتب کریں
Posted on March 25, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ: ضلع بھر کے تمام سرکاری محکموں میں کام کرنے والے پرائس مجسٹریٹس ، انسپکٹر اور دیگر فیلڈ سٹاف روزانہ کی بنیاد پر اپنی کارکردگی رپورٹ مرتب کریں اور تمام ای ڈی اوز اور ڈسٹرکٹ افسران اپنے دفاتر کے سسٹم کو بہتر اور فعال کر کے عوامی مسائل کے حل میں تیزی لائیں کیونکہ سرکاری محکموں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں جس میں فوری بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔ یہ ہدایات ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمر نے مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ہاورن رشید، ڈی او سی خالد راجو، ڈی ایم او اعجاز منیر، ایس این اے شہزاد خلیل ، ایگزیکٹو ا نجینئر محکمہ انہار، ڈپٹی ڈائریکٹرز کالجز محمد شریف خان بلوچ ، مختلف محکموں کے ای ڈی اوز، ڈی اوز اور ڈپٹی ڈی اوز موجود تھے۔ڈی سی او نے سرکای محکموں میں کام کرنے والے پرائس مجسٹریٹس ، انسپکٹر اور دیگر فیلڈ سٹاف کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دفتروں میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جاکر اپنی ڈیوٹی اور فرائض سر انجام دیں اور حکومت کی رٹ کے تحت عوام کو مقررہ نرخوں پر معیاری اور صاف ستھری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ تمام فیلڈ عملہ روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ کے بارے انہیں آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے ایگزیکٹو ا نجینئر محکمہ انہار کو تاکید کی کہ متوقع سیلابی صورت حال کے پیش نظر فوری طور پر فلڈ پلان تیار کر کے دریائی علاقوں میں کھڑی فصلات کی بروقت کٹائی کے حوالہ سے محکمہ زراعت کے کوآردنیشن کریں تاکہ سیلابی پانی میں رکاوٹ پیدا نہ ہو اور حفاظتی بندوں کی ضروری مرمت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ ڈی سی او نے ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز ممتاز کلاسرا کو ہدایات جاری کیں کہ وہ محکمہ روڈز اور بلڈنگ کے سب انجینئرز کو سختی سے پابند کریں کہ وہ جاری ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار کی چیکنگ کیلئے موقع پر عملی طور موجود رہیں اور جن سکیموں کے ٹینڈر ہو چکے ہیں۔
انکے پر فوری کام شروع کروایا جائے تاکہ وہ بروقت پایا تکمیل کو پہنچ سکیں۔ انہوں نے قومی ترقی کے تمام محکموں کے حکام کو پابند کیا کہ وہ سکیموں کی حتمی تکمیل تک ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں بالکل نہ کریں۔ انہوں نے اجلاس کے دوران ڈی ایم او اعجاز منیر کو ہدایات دیں کہ وہ محکمہ تعلیم اور صحت کے ماتحت عملہ کی حاضری کے ساتھ ساتھ افسران کی حاضری کو بھی چیک کر کے مانیٹرنگ رپورٹ پیش کیا کریں۔ ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمر نے ڈی او لیبر کو حکم دیا کہ وہ ضلع میں قائم تمام ملز اور فیکٹریوں کا ڈیٹا اور وہاں کام کرنے والی چائلڈ لیبر اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات بارے انہیں آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے ڈی او لائیو سٹاک کو سختی سے کہا کہ وہ شہر میں مضر صحت گوشت کی فروخت کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کریں اور جھنگ سے دیگر اضلاع میں سپلائی کئے جانے والے گوشت پر بھی کڑی نظر رکھتے ہوئے اسکی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے اورضلع میں قائم سلاٹر ہاوسز کی حالت زار کوبھی بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ فود کنٹرولر کو ہدایت کی گندم کی نئی فصل کی سرکاری خرید اری سے پہلے تمام گوداموں کی صفائی ستھرائی اورمرمت کے کام کو مکمل کر لیا جائے اورمحکمہ کی طرف سے اوپن گندم سٹور کرنے کیلئے مناسب جگہوں کا انتخاب کیا جائے تاکہ بارشوں سے سٹاک محفوظ رہ سکے۔
انہوںنے ریونیو افسران پر زورد یا کہ وہ زمینوں کے بروقت انتقالات کو موقع پر ہی مکمل کروائیں تاکہ لوگوں میں تنازعہ جات کا خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے ای ڈی سی اور اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایات دیں کہ وہ لینڈ ریکارڈ کو کمپوٹرائزڈ کرنے کے کام کو تیز کریں۔ انہوں نے افسران پر واضع کیا کہ عوام کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیںکیا جائے گا، نااہل اور کام چور افسروں کو اپنا قبلہ درست کرکے ذمہ داریاں احسن طور پر نبھانا ہونگی بصورت دیگر نہ صرف انہیں ضلع بدر کر دیا جائیگا بلکہ ان کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی بھی عمل میں لائی جائیگی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com