پشاور (جیوڈیسک) چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمران ڈکٹیٹر شپ کی پیداوار ہیں انہیں جمہوریت کی سمجھ نہیں۔ پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پی آئی اے ملازمین پر گولی چلانا ظلم کی انتہا ہے، مشرف اور ضیا دور حکومت میں بھی اتنا ظلم نہیں تھا جتنا آج ہورہا ہے اورملک میں جتنی بے روزگاری آج ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔
موجودہ حکمران ڈکٹیٹرشپ کی پیداوار ہیں اس لئے انہیں جمہوریت کی بالکل بھی سمجھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے پی آئی اے کے ملازمین کو خدشات ہیں کہ وہ بے روزگار ہوجائیں گے، خدشات دور کرنے کے بجائے مظاہرین کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، 6 فروری کو کراچی اور اسلام آباد کے احتجاج میں خود شرکت کروں گا۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کی نجکاری نہیں کرر ہے بلکہ اس کے سسٹم میں تبدیلی لارہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فاعدہ پہنچے اور لیڈی ریڈنگ اسپتال میں پرائیوٹ اسپتالوں جیسی سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 سال میں خیبرپختونخوا خصوصاً پشاور دہشت گردی سے متاثر ہوا ہے۔
لیکن آج خیبرپختونخوا میں تبدیلی آچکی ہے، لوگ پشاور چھوڑ کر اسلام اور دیگر شہروں میں چلے گئے ہیں لیکن جو پشاور چھوڑ کرگئے انھیں واپس لائیں گے، عوام کو تفریح فراہم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں، تفریح کےلیے پشاور میں سینما ہاؤس بنائیں گے اور قلعہ بالاحصار سے سیاسحت کو فروغ ملے گا۔