اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ترجیحی طور پر اکنامک کوریڈور منصوبے کے روٹ کی وضاحت کرے، توانائی منصوبوں، انڈسٹریل اکنامک زون اور دیگر منصوبوں کی تفصیلات بھی قوم کے سامنے لائی جائیں، آصف زرداری کہتے ہیں ملکی باگ ڈور پیپلز پارٹی کے ہاتھ میں نہیں پھر بھی تنقید ہم پر ہوتی ہے۔
اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا، ترجمان پیپلز پارٹی فرحت اللہ بابر کے مطابق اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اکنامک کوریڈور منصوبے کے روٹ کی وضاحت کرے۔
توانائی منصوبوں، انڈسٹریل اکنامک زون اور دیگر منصوبوں کی تفصیلات بھی قوم کے سامنے لائی جائیں۔ آصف زرداری نے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت کی کہ اسمبلیوں اور سینیٹ میں یہ معاملات اٹھائے جائیں۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا ملکی باگ ڈور پیپلز پارٹی کے ہاتھ میں نہیں پھر بھی تنقید ہم پر ہوتی ہے، حالانکہ یہ کہیں اور ہونی چاہئیے۔
میڈیا اب بھی ان پر بڑا مہربان ہے، اجلاس میں پیپلز پارٹی نے قبائلی علاقوں میں مقامی حکومتوں کے انتخابات بالغ رائے دہی کی بنیاد پر کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔