حکومت کا معاشی بدحالی کے ذمہ داروں کے تعین کیلئے پارلیمانی کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ

Meeting

Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے ملک کی موجودہ معاشی بدحالی کے ذمہ داروں کے تعین کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق موجودہ معاشی بدحالی کے ذمہ داروں کے تعین کے لیے پارلیمانی کمیشن بنانے پر کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں اصولی اتفاق کیا گیا تھا اور اب وزیراعظم نے پارلیمانی کمیشن سے متعلق پارلیمنٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ حکومت نے مشترکہ پارلیمانی کمیشن کے قیام کی قرارداد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرادی ہے جو وزیراطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

ذرائع کےمطابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری قرارداد اسمبلی میں پیش کریں گے جس کے متن میں کہا گیاہے کہ مشترکہ پارلیمانی کمیشن ذمہ داروں کے تعین سے متعلق رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے ذمہ داروں کا تعین ہونے کے بعد کمیشن اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گا اور حکومت کسی بھی کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔