اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی نظر میں پنجاب ہی سب کچھ ہے اور سارا پاکستان ہے۔
نواز شریف کو چھوٹے صوبوں کے احساس محرومی کا کوئی احساس نہیں ہے۔ محرومیوں کی وجہ سے ایسٹ پاکستان ہم سے علیحدہ ہوا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاک چائنا اقتصادی راہداری کا اصل منصوبہ چھپایا ہوا ہے۔ چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی بڑھا رہا ہے۔ حکومت پنجاب کیخلاف نفرتیں بڑھا رہی ہے۔
اس منصوبے سے تمام صوبوں کو فائدہ حاصل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ کامیاب ہونے سے پاکستان جڑ سکتا ہے۔ بلوچستان میں علیحدگی پسند تنظیمیں بھی راہداری سے جڑ جائیں گی۔ چاہتے ہیں کہ ملک علیحدگی نہیں مضبوطی کی طرف جائے۔ ایک سوال کے جواب میں چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے مک مکا کیا ہوا ہے۔
حکمران اپنے مفادات کی خاطر اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ سابق صدر آصف زرداری کو مشکل ہوتی ہے تو نواز شریف بچانے آ جاتا ہے۔ جب نواز شریف کو مشکل پڑتی ہے تو زرداری بچانے آ جاتے ہیں۔ دونوں نے مل کر نیب کا سربراہ بھی لگایا۔ دھاندلی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے انہوں نے کہا کہ انھیں جوڈیشل کمیشن پر پورا اعتماد ہے، جو فیصلہ ہوگا قبول کریں گے۔