اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت تعلیم اور خواندگی کے پروگرام میں نجی شعبے ، این جی اوز اور پوری کمیونٹی کو شامل کرنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کر رہی ہے۔ ایوان صدر اسلام آباد میں ای نائن ممالک کے وزرائے تعلیم کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے۔
صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ آئینی طور پر تعلیم ہماری ترجیحات میں شامل ہے ، وفاقی دارالحکومت میں قومی نصاب 2006 پر عمل کیا جا رہا ہے اور اس کے مطابق ہی درسی کتب مرتب کی گئی ہیں۔
صدر نے یونیسکو کے پروگرام ’’تعلیم سب کے لئے‘‘ اور ای نائن کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گراس روٹ لیول پر کمیونٹی کو شامل کئے بغیر کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ یونیسکو سمیت دیگر امدادی ادارے تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔