حکومت پنجاب تعلیمی انقلاب کے حوالہ سے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ہارون رشید
Posted on April 10, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب تعلیمی انقلاب کے حوالہ سے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اورکامرس اورٹیکنکل ایجوکیشن کے اداروں کو بھی وافر وسائل فراہم کررہی ہے اور ان اداروں کو مالی اور انتظامی طور پر مزید فعال بنانے کیلئے ان کا نظم ونسق ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوںنے گورنمنٹ کالج آف کامرس سٹیلائٹ ٹائون جھنگ کے سالانہ تقسیم انعامات کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ترقیاتی سوچ اور ڈی سی او جھنگ کی نگرانی میں ضلع بھر میں ترقیاتی کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے اور اس ترقیاتی پیکج میں تعلیمی اداروں کو جانے والی سٹرکوں کی تعمیرو مرمت اور شہر کی خوبصورتی کے منصوبے شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ جھنگ سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات ہر سال نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت کرکے اعلیٰ پوزیشنیں حاصل کرتے آ رہے ہیں جن کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔
انہوں نے ادارہ میں پینے کے صاف پانی کے پلانٹ اور فرنیچر کی کمی دور کرنے کے مطالبے پر کہا کہ اس ضمن میں ضلعی حکومت اپنا فعال کردار ادا کریگی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل میاں صابر حسین نے ادارہ کے شاندار نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے یوتھ فیسٹول پروگرام کے تحت ہونے والے ادبی و سپورٹس مقابلہ جات میں ضلع سے صوبائی سطح تک پوزیشن حاصل کرکے کالج کے طلباء نے ادارہ اور ضلع کا نام روزشن کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ اس وقت کالج میں بی کام کے470 اور ڈی کام کی کلاسوں میں 450طلباء و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور تعداد کے لحاظ سے یہ ادارہ صوبہ بھر میں تیسرے نمبر پر ہے۔انہوںنے کہا کہ کامرس گریجوایٹ کومحکمہ تعلیم میںٹیچر ز کی بھرتی کے موقع پر بی اے بی ایس سی امید واروں کے مطابق سٹیٹس نہیں دیا جاتا جو کہ حق تلفی کے مترادف ہے کیونکہ کامرس گریجوایٹ کسی طور پر بھی اہلیت اور قابلیت میں کم نہیں ہوتا۔تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد شریف خان بلوچ ،مقامی صنعت کار مختار احمد خان بلوچ ، جھنگ ایجوکیشن ٹرسٹ کے سیکرٹری مہر حق نواز،سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار اختر خان بلوچ،ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی چوہدری ذوالفقار علی،پرنسپل ووکیشنل کالج برائے خواتین مسز شافعہ سلیم،کالج میڈیا کوآرڈی نیٹر پروفیسر عرفان مگسی کے علاوہ معززین اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔اس موقع پر مقامی صنعت کار مختار احمد خان بلوچ نے کالج کے دومستحق قابل طلباء کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے اور دیگر پوزیشن ہولڈر کو 20ہزار روپے نقد انعام دیاجبکہ مہمان خصوصی ہارون رشید نے ملی نغمہ پڑھنے والے طالبعلم کو ایک ہزار روپے نقد انعام دیا جبکہ تمام پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کو کالج کی طرف سے انعامات اور ٹرافی دی گئیں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com