لاہور: اسلامی جمعیت طلب پنجاب کے زیر اہتمام کل 26 اکتوبر کو ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی طلبہ حقوق ریلی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس ریلی میں لاہور اور اس کے گرد ونواح سے دس ہزار کے قریب طلبہ شریک ہوں گے۔ ریلی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ناظم پنجاب جنوبی نثار احمد کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں خصوصی اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے محکمہ تعلیم کو شریف گروپ آف کمپنیز بنا دیا ہے۔
تعلیم کی نجکاری کے اقدامات سے حکومت گریز کرے۔ 3کروڑ سے زائد نوجوان تعلیم سے محروم ہیں، جس کی وجہ سے ملک کا مستقبل خطرے میں ہے ، ملک میں اس وقت ہر شعبہ میں عدم استحکام نظر آرہا ہے ۔عوام مایوسی کی وجہ سے پریشان ہے ان حالات میں قوم کی نظریں نوجوانوں اور طلبہ پر ہے لیکن پاکستانی نوجوان کو صحیح سمت دیکھانے کے لئے کسی کے پاس کوئی ٹھوس اور واضح لائحہ عمل نہیں ہے ۔اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے ناظم احمد فرقان خلیل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے لئے اعلی تعلیم کے دروازے سرکاری جامعات میں بھی زیادہ فیس اور مہنگی رہائش کی وجہ سے روز بروز بند ہوتے جا رہے ہیں۔
جبکہ ان اقدامات سے نجی سیکٹر کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔اسلامی جمعیت لاہور کے ناظم جبران بن سلمان کا کہنا تھا کہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے ، حکومیت اپنی آئینی ذمہ داریوں سے روگردانی کر رہی ہے۔ ١٨ویں ترمیم میں تعلیم کو امور کو صوبائی حکومتوں کے حوالے کرنے سے ملک میں نصاب تعلیم کے نئے طبقات بن گئے ہیں۔ہر سال نظریاتی امور سے متعلق اسباق کو تبدیل کر کے بے مقصد اسباق کو کتابوں کی زینت بنایا جا رہا ہے۔ طبقاتی نظام تعلیم نے قوم میں اتحاد و یگانگت کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔واضح رہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے ملک بھر میں حقوق طلبہ مہم کا آغاز کیا ہے اسی سلسلے میں پنجاب میں تعلیم کی مخدوش صورت حال کے خلاف جمعیت کل پنجاب اسمبلی کے سامنے مظاہر ہ کرے گی۔