ملتان (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ این اے 153 ضمنی الیکشن جیتنے کیلئے ن لیگ حکومتی مشینری استعمال کر رہی ہے، تاہم عمران خان 13 مارچ کو جلال پور پیر والا میں انتخابی جلسہ کریں گے۔
ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان 13 مارچ کو ملتان آئیں گے اور شہر کے 14 مختلف مقامات پر ان کا استقبال کیا جائے گا جس کے بعد وہ جلال پور پیر والا میں جلسہ بھی کریں گے۔
ن لیگ این 154 کی شکست کا بدلہ لینے کیلئے جلال پور پیر والا میں ضمنی الیکشن کیلئے پیسہ اور وسائل سمیت ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے تاہم پی ٹی آئی این اے 153 سے ضمنی الیکشن جیتے گی اور 2018 میں عام انتخابات میں بھی تمام بڑے برج الٹ جائیں گے۔
جلال پور پیر والا مین پی ٹی آئی کے کارکن ایوب گھلوں کو ڈائریکٹر پاسپورٹ کے عہدے کی لالچ دی گئی جس پر وہ ن لیگ میں شامل ہو گئے، ن لیگ نے نظریات کی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے سب پارٹیوں پر عمران خان کا لرزہ طاری ہے انہیں رات کو بھی عمران خان نظر آتا ہے اور ان کو ڈراتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے ایم کیو ایم پر جو الزامات لگائے گئے ان پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اگر حکومت ایکشن نہیں لیتی تو سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لیکر را سے فنڈنگ اور را سے تعلق جیسے سنگین الزامات کی تحقیقات کرائے۔