اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو بند کریں ،ٹیک اوور کریں ہم آپکو سپورٹ کریں گے ،آپ کے الیکٹرک پر ہاتھ ڈالتے ہیں ،کوئی جہاز پر آتا ہےاور آکر ہاتھ روک لیتا ہے،بل ادا نہ کرنے والوں کی گرفتاری کی حمایت کرتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ نے وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم گرمی سےمرنے کارونارورہے ہیں آپ بنیے کی طرح لال کتاب لیکرآگئے ،لال کتاب کو بند کریں، بتائیں ان ہلاکتوں کی ذمے دار کےالیکٹرک ہے یا حکومت ۔انہوں نے کہا کہ آج حساب کتاب کی بات عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کےمترادف ہے،آپ نے خود کہا تھا کہ کے الیکٹرک فرنس آئل سے بجلی پیدا کرسکتا ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ہمیں سچ بولنے سے مت روکیں ، تنقید برائے تنقید کی بجائے معاملات حل کرنے ہیں،یہ وفاق ہے ، اس کو چیلنج مت کریں ،اس کی ٹانگیں مت توڑیں،عابد شیر علی تو بچہ ہےجو چاہے بول لے ،آپ پڑھے لکھے شخص ہیں آپ تو ایسی بات نہ کریں،ملک کو آپ اور ہم نے مل کر چلانا ہے ،لوگ انتظار میں بیٹھے ہیں کہ سیاستدان آپس میں دست و گریبان ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ(ن)5 سال پورے کرے ،پاکستان کے آئین کے تحت پارلیمان کی حفاظت کریں گے ۔قائد احزب احتلاف نے کہا کہ ملک بھر میں 1200سے زائد افراد گرمی سے جاں بحق ہوگئے،ہم عوام اور ان کے بچوں کی زندگیوں کے ضامن ہیں، آپ لوگوں کی زندگی بچانے کی بات کریں ، آپ معذرت کریں ۔انہوں نے کہا کہ ہم بل ادا نہ کرنے والوں کی گرفتاری کی حمایت کرتے ہیں۔