حکومت کے خاتمے کا پلان ڈی بھی ناکام ہو گیا: اعتزاز احسن

Aitzaz Ahsan

Aitzaz Ahsan

لاہور (جیوڈیسک) چودھری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ چودھری نثار کا درگزر کرنا بہتری کی طرف قدم ہے۔ اگر کرپشن کے الزامات نہ لگتے تو وہ کبھی پارلیمنٹ میں تقریر نہ کرتے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت ہٹانے کے لیے چاروں پلان ناکام ہو گئے۔ پلان اے فیل ہو گیا 10 لاکھ لوگ اسلام آباد نہیں آئے۔ پلان بی ریڈزون میں دھرنا تھا، حکومتی تحمل نے وہ بھی فیل کر دیا۔

پارلیمنٹ اور وزیراعظم پر حملہ پلان سی تھا جو مشترکہ اجلاس بلانے پر فیل ہو گیا اور پلان ڈی سے گزر رہے ہیں مگر چودھری نثار سے مفاہمت کے بعد یہ بھی فیل ہو گیا۔

چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ ڈنڈا بردار سیاست کی کبھی حمایت نہیں کریں گے تاہم عمران خان نے گھر گھر آگاہی پھیلا کر ایک بڑا کام کر دیا ہے انہیں اب تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ہونے کے ناطے وہ حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے رہیں گے۔