اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ گریڈ 15 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 25 فیصد اضافہ کیا جائے۔ ڈپٹی چیرمین صابر بلوچ کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رضاربانی کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ داروں کی موجودگی میں مزدور کی کم از کم مزدوری پر عملدرآمد نہیں ہو گا، گریڈ 15 سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صرف سندھ ہی میں بیروز گاری میں اضافہ نہیں ہوا، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی بیروز گاری بڑھی ہے، ہیلتھ انشورنس اسکیم شروع کرنا وفاق کا اختیار نہیں، یہ غیرآئینی ہے، وفاق کا صحت سے کوئی تعلق نہیں، یہ صوبوں کا معاملہ ہے، مشترکہ مفادات کونسل سے ہیلتھ انشورنس اسکیم کی منظوری لی جاتی، ہیلتھ انشورنس اسکیم صرف مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کو دی جائے گی۔