اسلام آباد (جیوڈیسک) اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر داخلہ کی جانب سے معافی نہ مانگنے پر اپوزیشن کل سینیٹ کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر کرے گی، ایجنڈہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ اعتزاز احسن کہتے ہیں حکومت کو بے نقاب کریں گے بھاگنے نہیں دیں گے۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ چودھری نثار معافی چاہے نہ مانگیں لیکن ان اعداد وشمار کو واپس لیں جو وزیر جواب دیتا ہے وہ ذمے دار ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ اعدادو شمار حکومت کی جانب سے آئے ہیں۔ چودھری نثار ان اعداد و شمار کو واپس لینے پر تیار نہیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ کل سینیٹ کا اجلاس چیمبر کے باہر ہو گا۔ اجلاس کا ایجنڈا تیار کر لیا ہے۔
اجلاس میں ڈرون حملوں پر بحث کی جائے گی اور وزیر داخلہ کے رویے پر بھی بحث کی جائے گی۔ سینیٹ سیشن میں ہم حکومت کو بے نقاب کریں گے۔ اعتزاز احسن نے بتایا کہ اجلاس میں فاٹا، کراچی اور نجکاری کے معاملات پر غور کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات سمجھ نہیں آئی ایک طرف امریکا کا ہاتھ تھاما ہوا ہے اور دوسری طرف حکیم اللہ محسود کی موت پر آنسو بہا رہے ہیں۔