سندھ حکومت ناکام ہو چکی ہے، سندھ کے ہر شعبے میں کرپشن اور لوٹ مار کا راج قائم ہے۔اشرف قریشی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اشرف قریشی نے سندھ کے عوام میں بڑھتی ہوئی احساس محرومیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سندھ میں شہری اور دیہی علاقوں میں عوام پانی، صفائی وستھرائی سمیت روز مرہ مسائل کا شکار ہورہے ہیں سندھ کی نام نہاد عوامی حکومت کرپشن کی دلدل میں دھنستی جارہی ہے اسے عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔

غذائی قلت اور صحت کی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے وجہ سے تھر میں آئے دن بچے موت کی آغوش میں جا رہے ہیں اور اب حکمرانوں کی کرپشن اور لاپرواہی سے اب ایسا لگتا ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے شہروں میں شمار ہونے ولا شہر کراچی تھر بن جائیگا اشرف قریشی نے کہاکہ سندھ میں موت کی ذمہ دار سندھ کی حکومت ہے عوام ظالم حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکمرانوں کے کرپشن کا پردہ چاک کرکے سندھ کی عوام کو پیپلز پارٹی سے نجات دلا ئیگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے مختلف علاقوں سے آئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا تحریک انصاف کے رہنماء اشرف قریشی نے رہنمائوں اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

سندھ کی عوام سے ہونے والے مظالم اور کرپشن کے خاتمے کے لئے عوام کے ساتھ جد وجہد کو تیز کردیں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف ملک میں انصاف کا نظام لائیگی اور کرپٹ و عوام دشمن حکمرانوں سے ایک مظالم اور لوٹ مار کا حساب لیا جائیگا۔