حکومت پنجاب کی طرف سے کسانوں اور کاشتکاروں کی بحالی کیلئے تقریب کا اہتمام

Farmers

Farmers

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) حکومت پنجاب کی طرف سے کسانوں اور کاشتکاروں کی بحالی اور بہتری کیلئے چنڈ بھروانہ کے نواحی علاقہ میں محکمہ زراعت کے زیر اہتمام میگا فارمر ڈے برائے گندم کے حوالہ سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

جس میں ای ڈی او زراعت ڈاکٹر غلام عباس تتلہ، ڈی او زراعت (توسیع) یوسف حسن تتلہ اور ڈی ڈی او زراعت عابد حسین شاہ کے علاوہ زمینداروں ،کسانوں اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں ای ڈی او زراعت ڈاکٹر غلام عباس تتلہ نے جدید زرعی ٹیکنالوجی، گندم کی پیداوار اور دیگر فصلات کے بارے میں تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید زرعی ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کرنا چاہیے جس کی بدولت ہم فی ایکٹر پیدوار میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار سے جہاں کسان مالی طورپر خوشحال ہوگا وہاں ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔اس موقع پرڈی او زراعت اور ڈپٹی ڈی او زراعت نے شرکاء تقریب کو بتایا کہ اس دور میں ہمیں اپنی گندم کی فی ایکٹر پیداوار میں اضافے کیلئے بیماریوں سے پاک گندم کا بیج استعمال کرنا چاہیے جس سے ہماری آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ کے ساتھ ساتھ ہمارے ملک کی معیشت بھی بہتر ہوگی ۔انہوں نے بتایا کہ ہم حکومتی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوکر رواجی کاشتکار سے جدید کا شتکار بن کر اپنی معاشی حالت کومزید بہتر بناسکتے ہیں۔بعدازاں دیگر زراعت افسران نے بھی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے مفید معلومات سے آگاہ کیا۔