حکومت فلم انڈسٹری کے مخالفین کیخلاف کارروائی کرے، زیبا بختیار

Zeba Bakhtiar

Zeba Bakhtiar

لاہور (جیوڈیسک) اداکارہ اور پروڈیوسر زیبا بختیار نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معیار کی فلمیں بننے سے اب پاکستان فلم انڈسٹری ایک نئی ڈائریکشن کی جانب بڑھ رہی ہے۔

پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی کاعمل تیز ہو رہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان سینما گھروں میں صرف پاکستانی فلمیں ہی نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر بطور پروڈیوسر میری فلم آپریشن 021 نے ریکارڈ بزنس کیا لیکن پاکستان فلم اور سینما انڈسٹری کے مخالف لابی نے اوچھے ہتھکنڈوں سے رکاوٹیں ڈالنا شروع کر دی ہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ انھیں منہ کی کھانی پڑے گی۔

انھوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف حکومتی سطح پر بھرپور کارروائی ہونی چاہیے جو پاکستان کی فلم انڈسٹری کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں اور اسے تباہ و برباد کرنا چاہتے ہیں۔ فلم آپریشن 021 کراچی کے کیپری اور بمبینو سینما میں مالکان نے خود ہنگامہ کروا کر صرف 25 پرنٹ چلا کر اتروادی جب کہ ملتان کے ڈریم لینڈ سینمانے بھی اسی طرح کی حرکت کی اور صرف 2 شو چلا کر فلم کو اتار دیا گیا۔ پاکستانی فلم آپریشن 021 کو اتار کر اس کی جگہ بھارتی فلم کی نمائش کی ہے جو توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے۔