حکومت فلڈ پروٹیکشن سٹریکچرز کی بہتری کیلئے کوشاں ہے: اقبال چنڑ

لاہور: صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک اقبال چنڑ نے کہا کہ حکومت پنجاب فلڈ پروٹیکشن سٹریکچر ز کی بہتری و پختگی کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے جس سے عوام کی جان و مال کو سیلابی پانی سے مکمل طور پر محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے دریائوں کے بندوں اور پشتوں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ بھی لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تعمیر و مرمت کا کام جلدسے جلد مکمل کروایا جائے تاکہ بندوں سے ملحقہ علاقوں میں عوام کو جانی ومالی نقصان سے بچایا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے محکمہ انہار کے افسران کو کہا کہ کام کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ملک اقبال چنڑ نے سیلاب کے بعد صوبے کے مختلف دریائوں کے بندوں اور پشتوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے سپر بند کی پختگی و بہتری کے لئے جاری کام کا موقع پر جائزہ بھی لیا اور محکمہ انہار کے حکام کو ہدایات جاری کیں کہ تعمیراتی کام کے معیار اور بروقت تکمیل کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے سخت نگرانی کی جائے۔