حکومت کیلیے تو آٹا چینی کا اسکینڈل کھڑا ہو گیا، کورونا سے کیا نمٹے گی: چیف جسٹس

Justice Gulzar Ahmed

Justice Gulzar Ahmed

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس اور دوسرے مسائل سے کیا نمٹے گی؟ حکومت کے لیے تو آٹے چینی کا اتنا بڑا اسکینڈل کھڑا ہوگیا ہے۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے کورونا وائرس کے دوران اسپتالوں کی بندش سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جب ملک کے بڑے ہی ملک کا استحصال کریں گے تو کیا ہوگا؟ احساس پروگرام کے تحت کروڑوں لوگوں کو پیسے دیے جا رہے ہیں، وہ کون لوگ ہیں؟

اس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرکے احساس پروگرام رکھا گیا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کیسے معلوم ہوگا کہ پیسے غریب لوگوں تک پہنچ گئے ہیں، وقت بہت اہم ہے، گھڑی چل رہی ہے، ایک ایک منٹ اہم ہے، وقت کے ساتھ چلیں ورنہ پیچھے رہ جائیں گے۔