گوجرانوالہ (جیوڈیسک) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومت کی تمام تر توجہ رمضان بازاروں پر ہے وزیر اعلی نے کابینہ، وزراء، محکموں کے سیکرٹریوں اور دیگر افسروں کو رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کے فرائص سونپ رکھے ہیں۔ عوام کو مہنگائی سے ریلیف پہنچانے کیلئے گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ کے انتظامات قابل ستائش ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ گوجرانوالہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے پیپلز کالونی بازار اور شاہین آباد رمضان بازار کا دورہ کیا اور اشیاء خورونوش کے نرخوں اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے خریداری کیلئے آنے والوں سے بھی اشیاء کے نرخ اور معیارکے حوالے سے ان کے تاثرات اور شکایات سے آگاہی حاصل کی۔ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ شکایات رجسٹر میں درج کی جانے والی شکایات پر فوری او ر غیر جانبدارانہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور صارفین کے مفادات کاہر صورت تحفظ کیا جائے۔