اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کہتے ہیں حکومت نے سیلاب متاثرین کو جعلی چیک دیئے، دفعہ چار سو بیس کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہئے۔
اٹھارہ ہزاری میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ حکمرانوں نے سیلاب متاثرین کے ساتھ دھوکا کیا اور پچیس پچیس ہزار روپے کے جعلی چیک دیئے، متاثرین جب بینک پہنچے تو عملے نے چیک کیش کرنے سے انکار کر دیا، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے ساتھ پینسٹھ سالوں سے دھوکا ہورہا ہے، لیکن موجودہ حکومت نے تو حد ہی کردی، حکمرانوں کیخلاف دفعہ چار سو بیس کے تحت مقدمہ ہوناچاہئے۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو حکومت کی جانب سے ایک پیسہ بھی نہیں ملا، سیلاب متاثرین کی بد دعائیں حکمرانوں کو تباہ کر دیں گی، متاثرین کو نقد امداد دی جائے۔