لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ انہیں حکومت کا مستقبل خاصا تاریک نظر آ رہا ہے۔
لاہورمیں چوہدری برادران، شیخ رشید اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی جس میں انقلاب مارچ سے متعلق اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے بعد بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ حکومت نے مذاکرات کے دروازے بند کردیئے اور انہیں حکومت کا مستقبل خاصاتاریک نظرآرہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انقلاب مارچ کے دوران ہمیں نظربندی یاجیل کی کوئی پرواہ نہیں۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں کوئی بیرونی یا اندرونی ہاتھ ملوث نہیں اس سلسلے میں کی جانے والی تمام باتیں بے معنی ہیں، ہم نے اپنے فیصلے کر لئے ہیں اور مستقبل کے لائحہ عمل کااعلان کل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک الگ سیاسی جماعت ہے اور وہ ان کے کسی بھی فیصلے پر کوئی بات نہیں کریں گے۔