فیصل آباد(خصوصی رپورٹ )حکومت کی گڈ گورننس سیلابی پانی میں ڈوب گئی ہے۔ حکومتی غفلت کی وجہ سے سیلابی تباہ کاری میں اضافہ ہوا۔ حکومت نے پیشگی انتظامات کیے ہوتے تو وسیع پیمانے پر تباہی نہ ہوتی۔ بھارت نے پیشگی اطلاع کے بغیر دریائوں میں پانی چھوڑ کر پاکستان کو ڈبونے کی کوشش کی ہے۔ اقوام متحدہ بھارت کی آبی جارحیت کا نوٹس لے۔
سیلاب متاثرین کے لیے پاک فوج نے ریاستی آپریشن کے ذریعے قوم کے دل جیت لیے ہیںان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل کے ڈویژنل صدر میاں فہیم اختر نے پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے مزید کہا کہ۔ آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی پر پوری قوم پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے۔
حکمرانوں نے ڈیمز بنائے ہوتے تو آج سیلابی پانی ضائع نہ ہوتا اور نہ ہی تباہ کاری ہوتی۔ پاک فوج کے جوان سیلاب متاثرین کے لیے شاندار خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ فوج نے ہمیشہ آزمائش کے وقت قوم کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انقلابی دھرنے کے شرکاء نے عزم و حوصلے کی نئی مثال قائم کی ہے۔
دھرنے کا مسلسل 25 روز جاری رہنا نیا سیاسی ریکارڈ ہے سنی اتحاد کونسل ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بھرپور امدادی مہم چلائے گی۔ اس سلسلہ میں عہدیداران و کارکنان کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ لوگوں کو برادری کے حقوق دینا ہی اصل جمہوریت ہے۔
آئین کے مطابق ریاست عوام کو صحت، تعلیم اور انصاف کی فراہمی کی پابند ہے۔ جمہوری نظام کی اصل سٹیک ہولڈر عوام ہے جسے حکومتیں ہمیشہ نظرانداز کرتی ہیں۔ پارلیمنٹ میں مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے دھرنوں کی ضرورت پڑتی ہے۔