اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ حکومت حفیظ شیخ کو بھی جیل میں ڈالے اور پوچھے ہزاروں کروڑ روپے کہاں گئے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں میگا منی لانڈرنگ کیس سے متعلق آصف زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں نیب حکام نےسابق صدر کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔
نیب حکام نے آصف زرداری کو 14 روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا اور مزید 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
نیب کی استدعا پر آصف زرداری نے عدالت کے جج محمد بشیر سے کہا کہ ریمانڈ میں عید کے بعد تک توسیع کر دیں، اس پر جج نے کہا کہ عید کے بعد تک نہیں کرسکتے، ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ ریمانڈ 2 ہفتوں کا ہو سکتا ہے۔
عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے آصف زرداری اور فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی جب کہ ملزمان کو 8 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
دوسری جانب عدالت میں پیشی کے موقع پر آصف زرداری نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کی۔
سابق صدر نے وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ کہتے ہیں ہزاروں کروڑوں کھا گئے، پھر عبدالحفیظ شیخ کو بھی پکڑیں ہمارے ساتھ، عبدالحفیظ شیخ کو ڈالیں جیل میں اور پوچھیں کہاں ہیں ہزاروں کروڑوں۔
صحافی نے ملین مارچ میں شرکت سے متعلق سوال کیا تو سابق صدر کا کہنا تھا کہ ملین مارچ میں عدالت سے شریک ہوں گے، فکر نہ کریں۔