حکومت ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے، راجہ راشد حفیظ

Raja Rashid Hafeez

Raja Rashid Hafeez

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سٹی جنرل سیکرٹری راولپنڈی اور پنجاب اسمبلی کے ممبر راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کرے اور انتظامی مشینری کو متحرک و فعال کر کے گرانفروش و ذخیرہ اندوز مافیا کے خلاف بے رحم آپریشن شروع کر کے اسے کسی قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کرے تاکہ مصنوعی مہنگائی سے عوام الناس کی جان چھوٹ سکے۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں اور اپنے حلقے کے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ راشد حفیظ کا کہنا تھا کہ ابھی رمضان المبارک میں کم و بیش ایک ماہ باقی ہے مگر روز مرہ استعمال کی اشیاء بالخصوص سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ شروع کر دیا گیا۔ اس ماہ مقدس کے دوران ناجائز منافع خوری ہماری پہچان بنتی جا رہی ہے جس پر قابو پانے کیلئے اگر حکومت مخلصانہ کوششیں کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ مہنگائی کو لگام نہ دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ستر فیصد سے زائد ناجائز منافع خوری کے پیچھے سیاسی پشت پناہی ہوتی ہے کیونکہ مجسٹریٹ گراں فروشوں کو گرفتار کرکے لائیں یا ان پر جرمانہ کریں تو مقامی سیاسی لوگ اپنے سیاسی مفاد کی خاطر ان کے پیچھے پہنچ جاتے ہیں۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ اگر اس سیاسی پشت پناہی کا خاتمہ کرکے بے رحم کاروائی کی جائے نہ صرف رمضان المبارک کے دوران بلکہ اس کے علاوہ بھی ہونے والی مصنوعی مہنگائی پر باآسانی قابو پایا جا سکتا ہے۔