لاہور (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی نے حکومت گرانے کا تہیہ کرلیا تو ہم اکیلے ہی کافی ہیں جب کہ عمران خان اسرائیلی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور ان کی اصلیت ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) سے ہمارا کوئی واسطہ نہیں ہے نہ ہی ہم اس کی حمایت کرتے ہیں ہم صرف جمہوریت بچانے کی بات کرتے ہیں جب کہ (ن) لیگ جہاں غلط کام کرے گی اس پر تنقید کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی نے حکومت گرانے کا تہیہ کرلیا تو ہم اکیلے ہی کافی ہیں ہمیں عمران خان کی طرح کسی امپائر اور شیخ رشید کی ضروت نہیں ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا کر عمران خان کو کیا فائدہ ہورہا ہے،وہ کبھی منی لانڈرنگ کا مشورہ دیتے ہیں تو کبھی بجلی کے بل اور ٹیکس دینے سے منع کرتے ہیں دراصل عمران خان اسرائیلی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اصلیت ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے اگر انہیں اقتدار ملا تو وہ پورے ملک کی نوجوان نسل کو منشیات پر لگادیں گے، عمران خان کو مثبت سیاست کرنا چاہئے وہ احتجاج اور جلسے کرتے رہیں لیکن جس احتجاج سے معیشت کو نقصان ہو عوام ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر لوگ رضا کارانہ طور پر کاروبار بند کرنا چاہئیں توہم کچھ نہیں کہیں گے اور اگر کہیں زبردستی کاروبار بند کرایا گیا تو قانون حرکت میں آئے گا، عمران خان اگر حکومت کو مشکل میں ڈالنا چاہتے ہیں تو بے شک ڈالیں لیکن عوام کو پریشان نہ کریں۔