لاڑکانہ (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سردارممتاز علی بھٹو نے کہا ہے کہ حکومتی نااہلی نے ملکی حالات کو سنگین بنا دیا ہے، پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے احتجاجی دھرنے اہمیت کے حامل ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج کی سیاست میں جاہل اور بد کردار لوگوں کی اکثریت ہے، انہیں پتا ہی نہیں کہ ممالک میں حقیقی تبدیلیاں عوام کے سڑکوں پر نکلنے سے ہی رونما ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا شہید ذوالفقار علی بھٹونے جنرل ایوب خان کو اقتدار سے پارلیمنٹ میں قرارداد منظور کرواکر ہٹا یا تھا، فرانس، روس اور چین سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی انقلاب عوام کے سڑکوں پر نکلنے سے ہی رونما ہوئے، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے اربوں روپے کی بدولت چلنے والی پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں حالات کو بہتر بنانے کے بجائے حکومت بچانے کی کوششیں کی جا تی ہیں لیکن اب حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی مڈ ٹرم الیکشن کی باتیں کر رہی ہیں۔