کراچی (خصوصی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمرڈار نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں مزید کمی کی جائے ۔حکومت کی نااہلی سے بیروزگاری کی شرح اورمہنگائی کی سطح مزیدبلندہوگئی ۔ہمارے کپتان عمران خان کی طرح کسی لیڈرنے کرپشن اوردھونس دھاندلی کیخلاف سٹینڈ نہیں لیا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا شفاف تحقیقات اور انتخابی اصلاحات کیلئے جعلی حکومت پردبائو قومی جذبات کاغمازہے۔اگرحکومت نے جوڈیشل کمشن کے قیام کاوعدہ وفانہ کیا توڈی چوک سمیت ہرچوک میں احتجاج کریں گے۔
تحریک انصاف کی قیادت عوام کے ساتھ زیادتی یاناانصافی برداشت نہیں کرے گی ۔اپنے ایک بیان میں عمرڈارنے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف واحدسیاسی جماعت ہے جواقتدارمیں آکر پاکستان کی گردن سے امریکہ اورآئی ایم ایف کی غلامی کاطوق اتار دے گی ۔کرپشن اورمزیددولت کی ہوس نے حکمرانوں کوضرورت سے زیادہ بزدل بنادیا ،ان کی دولت ان کی کمزوری بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کیخلاف ہونیوالی اندرونی وبیرونی سازشوں کوناکام بنانااقتدارمیں شریک بدعنوان ٹولے کے بس کاروگ نہیں ہے۔
پچھلی چاردہائیوں سے دونوں پارٹیوں نے باری باری عوام کااستحصال کیا،اب چمڑی اوردمڑی بچانے جبکہ پی ٹی آئی کاراستہ روکنے کیلئے متحد ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان سے وفاکی امید رکھنا بے سود ہے ،یہ صرف اپنے مفادات کے اسیر ہیں ۔ملک میں نظام اورچہروں کی تبدیلی کے بغیر عوام کوجمہوریت کے ثمرات نہیں مل سکتے ۔انہوں نے کہا کہ زرداری لیگ کااقتدارختم اورشریف برادران کادوربادشاہت شروع ہونے سے عوام کے معاملات میں ذرہ برابربہتری نہیں آئی بلکہ قومی بحرا ن مزید شدت اختیار کر گئے ہیں۔