کراچی (جیوڈیسک) جماعت الدعوۃ نے لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کی بلااشتعال فائرنگ کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے پاکستانی حکومت سے ہندوستان کے خلاف اعلان جہاد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فائرنگ سے متعدد شہریوں کی ہلاکت کے خلاف جماعت الدعوۃ نے کراچی پریس پر ریلی منعقد کی جس میں کارکنوں اور ہمدردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں ہندوستان کے خلاف اعلان جہاد کرنے کے مطالبات درج تھے جبکہ کارکنوں نے ہندوستان مخالف نعرے لگاتے ہوئے مادر وطن کے لیے جان قربان کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
ریلی میں جماعت الدعوۃ کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال قریشی سمیت مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جمعیت علمائے پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزمل اقبال قریشی نے کہا کہ سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر دہشت گردی ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی جارحانہ پالیسی کا حصہ ہے کیونکہ وہ پاکستان کے اندرونی مسائل کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہر پاکستانی اپنے ملک کے لیے جان کی قربانی دینے کو تیار بیٹھا ہے اور ہندوستانی جارحیت کا جواب دینے کے لیے پوری قوم پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما اسامہ رضی نے کہا کہ انڈیا نے امریکی ایما پر عالمی سرحدوں کی خلاف ورزی کی۔
اس موقع پر دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستانی جارحیت کا منہ تور جواب دے، پاکستانی قوم جانتی ہے کہ ہندوستانی دھمکیوں کا جواب کیسے دینا ہے اور ایٹم بم ملکی دفاع کے لیے بنایا گیا ہے۔ مقررین نے ہندوستانی جارحیت پر مجرمانہ خاموشی اختیار کرنے پر انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔