حکومت صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے: مجتبی شجاع الرحمن

Load Shedding

Load Shedding

لاہور : وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے اور لوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے ہنگامی بنیادوں اور دیر پا حل کے لئے انرجی سیکٹر میں پاور پلانٹس لگائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں اور تاجروں کے لئے حکومت نے وسیع مواقع فراہم کئے ہیں اور” تیسرا افریقن شو” پاکستانی اورافریقی ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے میں ممدومعاون ثابت ہوگاـان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبرزآف کامرس و انڈسٹریز میں” تیسرے افریقن شو ”کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاـمیڈیا ورلڈلائن کے مطابق،علاوہ ازیں لاہور چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ارکان کو پراپرٹی ٹیکس کے چودہ سال بعد دوبارہ سروے اور اضافہ بارے بریفنگ دیتے ہوئے مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن 28فیصد پراپرٹی ٹیکس اور 54فیصد موٹروہیکلز ٹیکس جمع کرتا ہے جبکہ پراپرٹی ٹیکس کا حصہ زیادہ اور موٹروہیکلز ٹیکس کا حصہ کم ہونا چاہیے اور اس کی وجہ چودہ سال سے پراپرٹی ٹیکس کا سروے نہ ہونا بھی ہے۔

مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ ٹیکسز میں اضافہ یا نئے شعبوں کو ٹیکسیشن میں شامل کرتے وقت عام آدمی کی مشکلات کو مدنظر رکھا جارہا ہے اور صرف صاحب حیثیت افراد اور شعبوں پر ٹیکس بڑھایا جارہا ہےـانہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کی خاطر نجی و سرکاری شعبہ میں پاورپلانٹس لگائے جارہے ہیں اور چارسالوں میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گاـانہوں نے کہا کہ پراپرٹی،موٹروہیکلز ، پروفیشنل، گیسٹ ہاؤسز، انٹرٹینمنٹ اور محکمہ ایکسائز کی جانب سے لگائے جانے والے دیگر ٹیکسز /ڈیوٹیز کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے تاکہ ہر شخص اپنے ٹیکسز کی نیٹ پرتفصیل جان سکے اور ٹیکس گذاروں کے وقت کو بچایا جاسکےـمیٹنگ میں سیکرٹری ایکسائزو ٹیکسیشن خالد مسعود، ایم این اے پرویز ملک، ایم پی ایز چوہدری گلزار احمد، خواجہ عمران نذیر، ماجد ظہور، باؤ اختر، غزالی بٹ اور لاہورچیمبرکے سہیل لاشاری ، طارق مصباح و دیگر ارکان نے شرکت کی۔