سرکاری اداروں میں رائٹ سائزنگ کی جائے گی، پرویز رشید

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق پاور پالیسی کی تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور بلوچستان کے وزیراعلی نے بھی منظوری دی، اب بھی 150 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں، سرکاری اداروں میں ڈاون سائزنگ نہیں، رائٹ سائزنگ کی جائے گی۔ پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ماضی میں سرکاری اداروں پر بوجھ ڈالنے کے باعث اقتصادی بحران پیدا ہوا، سرکاری اداروں میں ڈاون سائزنگ نہیں رائٹ سائزنگ کی جائے گی۔

دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ علما کی طالبان کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کی کوششیں قابل قدر ہیں، طالبان علما کے شاگرد ہیں، انہیں اپنے اساتذہ کی بات سن کر سنجیدگی سے عمل کرنا چاہیے، حکومت طالبان کو مذاکرات کی پہلے ہی پیشکش کر چکی ہے۔ پرویز رشید نے طالبان شوری کے مطالبات سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ مذاکرات کی حکمت عملی پر وفاقی وزیر داخلہ ہی بات کریں گے۔