اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں 5 دسمبر کو اسلام اباد میں پریڈ گراونڈ میں گولڈن جوبلی جلسے کی تیاریوں میں انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹ ڈالنے کی مذمت کی اور کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ کی اجازت کے باوجود حکومتی ایما پر رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ نون لیگ حکومت ہوش کے ناخن لے اور اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جیالوں سے جمہوری حق چھینا جاتا ہے تو پھر دمادم مست قلندر ہوتا ہے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ چند پولیس والوں کو بھیج کر جیالوں کو ڈرا دے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی دار الحکومت سے پی پی کے پرچم اور بینر اتارے جا رہے ہیں، جلسہ اور اس کی تشہیر کرنا پیپلزپارٹی کا جمہوری حق ہے۔