لاہور: تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور چیئرمین لاثانی ویلفیئر فائونڈیشن انٹرنیشنل قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکار نے مرکزی سیکرٹریٹ پر مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی تسلط اور کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف گذشتہ شب ایک تقریب کے شرکاء سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر پر بیان بازی کی بجائے دوٹوک موقف اختیار کرے اور تمام اقوام عالم کے سامنے حقائق رکھتے ہوئے فوری طور پر کشمیریوں کو حق اداریت دلوانے میں اپنا کلیدی کردار کرے۔
انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کئی دنوں سے جاری کرفیو میں انسانیت کی کھلے عام تذلیل کی جاری ہے جس میں خواتین بچے بوڑھے اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ بھارتی تسلط اور کشمیریوں کی بے بسی پر اقوام عالم نے آنکھیں بند کررکھی ہیں اور وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری دہشت گردی کو مسلسل نظر انداز کررہے ہیں جس کی وجہ سے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں اور کوئی بھی ان کشمیریوں کو ان کا جائز حق دلوانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔
امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعوداحمد صدیقی نے کہاکہ قیام امن کے عالمی علمبرداروں کو کشمیریوں کے ساتھ انسانیت سوز سلو ک نظر کیوں نہیں آرہے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں افسوس صد افسوس کہ کشمیریوں کو اب مزید اور کتنا ظلم و جبر سہنا ہوگااور کتنا خون دینا ہوگا اپنا حق خود ارادیت لینے کیلئے اور آخر یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا۔تقریب میں دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے فوری اور موثر حل کیلئے عالمی برادری پر زور دیا جبکہ اختتام پر ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔