لاہور (جیوڈیسک) قائم مقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے تاہم اس سلسلے میں ہمیں بھی انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنا قومی کردار ادا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیروز پور روڈ پر راشد لطیف نرسنگ کالج کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ خدمت انسانیت سے بڑھ کر کوئی چیز مقدم نہیں خصوصاً نرسنگ کا شعبہ انسانیت کی خدمت کے حوالے سے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ قائم مقام گورنر پنجاب نے زیر تربیت نرسز سے کہا کہ وہ اپنی ٹریننگ مکمل کر کے اپنے آپ کو خدمت انسانی کے لئے وقف کر دیں۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر پنجاب نے نرسنگ کالج کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔