کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ حکومت اور جے آئی ٹی کا کام اسکرپٹڈ اور میچ فکس لگتا ہے۔
لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اندر چاہے جے آئی ٹی کے ساتھ چائے پیتے رہے ہوں لیکن طے تھا کہ باہر نکل کر شور کریں گے اور کہیں گے کہ ہمارا قصور کیا تھا۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ جے آئی ٹی نواز شریف کو محفوظ راستہ دینے کے لیے تھی، نواز شریف، اسحٰق ڈار، حسین نواز، حسن نواز اور مریم نے جے آئی ٹی سے باہر آ کر ایک جیسی باتیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف سازش عدلیہ اور فوج نے کی تھی، انہیں بھی بتانا چاہیے کہ شریفوں کے خلاف سازش کون کر رہا ہے۔
اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ ظفر حجازی سے ریکارڈ ٹمپرنگ کرائی گئی۔
انہوں نے کراچی الیکشن میں کامیابی پر پارٹی قیادت کو مبارکباد دی اور کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔