اسلام آباد (جیوڈیسک) جے یو آئی نے قومی اسمبلی میں حکومتی بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف اور فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں مسائل کے حل کیلئے مل کر چلنے پر اتفاق کیا گیا۔ مولانا کہتے ہیں ملکی مفاد میں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں گے۔
وزیراعظم ہاس میں ہونیوالی ملاقات میں دونوں رہنماں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور مولانا فضل الرحمن نے وزیر اعظم کو حکومت میں شمولت کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا ملکی مفاد میں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کی جماعت حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وزیراعظم نے حکومت میں شمولیت کے فیصلے پر فضل الرحمان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ موجودہ صورتحال میں عوام اور سیاسی جماعتوں میں اتحاد نہایت ضروری ہے۔ جے یو آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف نے جے یو آئی ف کی ترجیحات کو تسلیم کر لیا ہے۔ دونوں جماعتیں باہمی مشاورت سے کابینہ اور کمیٹیوں کے قلمدان وضع کریں گی۔