کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایم کیو ایم کے شعبہ اطلاعات کا کہنا ہے کہ حکومت میں شمولیت ہو یا اپوزیشن میں بیٹھنے کے حوالے سے ایم کیو ایم نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، تمام آپشنز کھلے ہیں۔
ایم کیو ایم کے شعبہ اطلاعات نے کہا ہے کہ گذشتہ روز الطاف حسین کے بیان کردہ ایک نقطہ کو غیر واضح اور سیاق وسباق سے ہٹ کر بیان کرنے سے اس کی معنی بدل گئے جس سے یہ تاثر جنم لے رہا ہے کہ ایم کیوایم آنے والی اگلی حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا کوئی حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق یہ واضح ہونا ضروری ہے کہ الطاف حسین کا خطاب صرف اور صرف ایک تاریخی اور فکری تجزیہ تھا جسکا ایم کیو ایم کی موجودہ اور مستقبل کی سیاسی پالیسی سے قطعی کوئی تعلق نہیں ہے۔
گزشتہ روز کے خطاب میں الطاف حسین نے کہا تھا کہ تحریک کا ہر فرد تحریکی ذمہ داری کو اپنا فرض سمجھ کر ادا کرے اور جیسے ہی انہیں طاقت یا کسی قسم کا اقتدار حاصل ہو تو انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ ان پر برائی کا دروازہ کھل گیا کیونکہ خواہشات کی کوئی حد نہیں ہوتی لہذا زندگی کے ہرمعاملہ میں میانہ روی اختیار کر کے انسان اپنی خواہشات پر قابو پاسکتا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق خواہ حکومت میں شمولیت ہو یا اپوزیشن میں بیٹھنا ، اس حوالے سے ایم کیو ایم نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے تمام آپشنز کھلے ہیں اور اس ضمن میں جو بھی فیصلہ ہو گا وہ عوام اور کارکنان کی اکثریت کی رائے کی روشنی میں کیا جائیگا۔