حکومت پنجاب محنت کشوں کو مالکانہ حقوق پر رہائش فراہمی کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے: اشفاق سرور

Punjab Government

Punjab Government

لاہور : صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ وزیراعلی محمد شہباز شر یف کی ہدایت پر راولپنڈی میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے آراستہ لیبر کالونی کے قیام کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔کالونی کے قیام کے لیے انتظامات کی نگرانی و دیگر امور کے انجام دہی کے لیے اٹک آئل ریفائنری (ARL) ورکرز ویلفیئر سکول میں سائٹ آفس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج سوشل سکیورٹی ہیڈ آفس میں اس حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔کمشنر سوشل سکیورٹی و قائم مقام سیکرٹری لیبر فرحان عزیز خواجہ،سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ خالد محمود اور ڈائریکٹر ورکس کے علاوہ محکمہ لیبر وانسانی وسائل کے اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ راجہ اشفاق سرور نے لیبر کالونی راولپنڈی کے قیام کے لیے جاری انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ٹیکسلا میں اس لیبر کالونی کے قیام کے لئے اراضی کی نشاندہی ، زمین کے حصول اور دیگر ضروری امور مکمل کر لیے گئے ہیں۔

جبکہ مختلف محکموں کے ساتھ بعض زیر التواء معاملات کی تکمیل کے لیے پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کالونی میں پانی کی فراہمی کے لیے محکمہ آبپاشی پنجاب کا تعاون حاصل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کنسلٹنٹس کی تعیناتی ، ڈیزائننگ ، نکاسی آب ، سڑکوں کی تعمیر و دیگر تمام ضروری امور جلد از جلد مکمل کرلئے جائیں ۔ وزیر محنت نے کہا کہ پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کی زیر نگرانی جلد ہی اس لیبر کالونی پر تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے معروف تعمیراتی کمپنیوں اور اداروں کے تجربات سے استفادہ کیا جائے اورپالیسی گائیڈ لائن پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ لیبر کالونی کی تعمیراتی کاموں میں پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت یقینی بنانے کے لئے مربوط کوششیں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ لیبر کالونی راولپنڈی کے تعمیراتی کاموں کے حوالے سے تمام قانونی امور کی انجام دہی اور مشاورت کے لئے قواعد وضبوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وہ خود بھی اس مقصد کے لیے قائم سائٹ آفس میں متعلقہ محکموں اور اداروں سے اجلاس کر کے انتظامات کا جائزہ لیتے رہیں گے۔ صوبہ بھر میں محنت کشوں کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ لیبر کالونیوں کے قیام کے لئے منصوبوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی لیبر کالونی میں مزدوروں کے لئے فلیٹس،سکولز،مساجد،کمیونٹی سنٹر،صحت مراکز ودیگر تمام بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔