حکومت پنجاب مزدور طبقے کی خوشحالی کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ حنا پرویز بٹ
Posted on May 2, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز, لاہور
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب مزدور طبقے کی خوشحالی اور انہیں تعلیم، صحت اور بہت روز گار کی فراہمی کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔عالمی یوم مزدور حقوق کے تحفظ، استحصال کے خاتمے اور عزت و قار کی بحالی کے لئے دنیا بھر کے محنت کشوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور تجدید عہد کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیںکہ صنعت کار مُلک سے بے روزگاری کے خاتمے اور مزدور کی خوشحالی میں اپنا کردار متحرک طریقے سے اداکریں ، توصنعت کاری کے لئے سازگارماحول کا موجود ہونا ضروری ہے اور سرمایہ کاری کسی بھی علاقے میں صنعتی امن کے حوالے سے آئیڈیل صورت حال میں ہی ممکن ہوتی ہے۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ صنعتی کارکنوں نے اس ضمن میں حُب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔انہوں نے کہا کہہمارا مذہب ہمیں محنت کی عظمت کا درس دیتا ہے۔
غریب مزارعین اور صنعتوں کا پہیہ چالو رکھنے والے کارکن ہمارے نزدیک وہ سرمایہ ہیں جن کی محنت پر صنعتی اور زرعی پیداوار کا دارومدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محنت کش طبقے کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ آجر اور اجیر کے درمیان تعلقات کار افہام و تفہیم کی بنیاد پر استوار ہوں تاکہ سب مِل جُل کر قوم کی ترقی کے عمل میں حصہ لیں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com