اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاہےکہ بر وقت حکومتی فیصلے نہ ہونے سے اداروں میں ٹکراؤ ہو رہا ہے جو انتہائی خطرناک ہے، وزیراعظم صاحب آئیں ملکر ملک بچائیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نےکہا ہے کہ موجودہ حکومت لاہور اور راولپنڈی کو ہی اپنا سمجھتی ہے۔ 40 ارب روپے میٹرو بس منصوبے کے بجائے ایک ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے پر لگائے جاتے تو عوام کو فائدہ ہوتا۔
شہروں میں 12 سے 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، دیہی علاقوں میں کیا حال ہو گا، خورشید شاہ نے سوال کیا کہ خواجہ آصف ٹائی لگا کر سپریم کورٹ میں پی پی حکومت کے پرخچے اڑانے جاتے تھے، آج وہ خود بجلی کے وزیرہیں مسئلہ حل کیوں نہیں کرتے؟ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے حکومت کے ساتھ ہیں لیکن حکومت کو بھی عوام دشمن پالیسیاں ترک کرنا ہوں گی۔