لاہور : کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر غازی شاہد رضا علوی اور مرکزی صدر ایم اے تبسم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ لاپتہ افراد کا معاملہ دن بدن سنگین ہوتا چلا جا رہا ہے۔ کئی کئی سال ہوگئے لاپتہ افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کی تلاش میں دربدرٹھوکریں کھارہے ہیں مگرکوئی ان کاپرسان حال نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے خودساختہ واقعہ کے بعد پاکستان میں دن بدن لاپتہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتاجارہاہے۔اب تک ہزاروں افراد لاپتہ ہوچکے ہیں۔ سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود لاپتہ افراد کامسئلہ ابھی تک حل نہ ہوناحکمرانوں کی نااہلی اور ناکامی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔
ڈاکٹرغازی شاہدرضا علوی نے مزیدکہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف نام نہاد امریکی جنگ کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے۔مشرف دور میں امریکہ کافرنٹ لائن اتحادی بننے کانقصان آج تک پوری قوم اٹھارہی ہے۔ایم اے تبسم نے کہاکہ عدل وانصاف کے تقاضوں کے تحت لاپتہ افراد کے معاملے کو حکومت کوفوری بنیادوں پر حل کرنا چاہئے۔
انہوںنے مزیدکہاکہ آئے روزپولیس کے ٹارچرسیلوں میں تشددکے واقعات اوربے گناہوں سے اعتراف جرم کرانا معمول بن چکا ہے۔ ملک میں عدلیہ آزاد ہے اگر کسی شخص نے کوئی جرم کیا ہے توعرصہ درازتک اسے غائب رکھ کر تشدد کانشانہ بنانے کی بجائے عدالت میں پیش کیاجائے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے لاپتہ افراد کوبازیاب کراکرملک میں قانون کی حکمرانی کویقینی بنائیں۔