لاہور (جیوڈیسک) لاہورحکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ تیز، نواز شریف کے حکم پرمذاکراتی ٹیمیں سندھ اور بلوچستان روانہ ہوگئیں۔ پیر پگارا کے ساتھ محمود اچکزئی اور دیگر جماعتوں سے بات چیت کی جائے گی۔
مرکز اور صوبوں میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ن پوری طرح سرگرم ہوگئی ہے نواز شریف نے مذاکرات کیلئے ٹیمیں سندھ اور بلوچستان بھجوا دیں۔ نواز شریف کی نمائندہ ٹیم مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا سے ملاقات کرے گی۔
اس ٹیم میں سینیٹر جعفر اقبال ، لیاقت جتوئی اور رانا مشہود شامل ہیں پیر پگارا سے ملاقات میں مرکز میں حکومت سازی اور پارلیمنٹ میں تعاون کے امور پر بات چیت کی جائے گی۔
بلوچستان میں ہم خیال جماعتوں سے مذاکرات کیلئے سردار ایاز صادق اور عبدالقادر بلوچ کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔یہ ٹیم محمود خان اچکزئی اور دیگر جماعتوں کی قیادت سے حکومت سازی کے امور پر بات چیت کرے گی ۔