حکومت لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی طرف توجہ دے: ساجد قریشی
Posted on August 31, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
میرپور: منگلا ڈیم پاکستان کا سب سے بڑا آبی ذخیرہ ہے لیکن اس کی تعمیر کی خاطر اپنے گھر بار اور اپنے آبائو اجداد کی قبروں کی قربانی دینے والوں کے مسائل پہلے سے بڑ ھ گئے ہیں جوں جوں منگلا ڈیم میں پانی کا لیول بڑھ رہا ہے لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے واپڈا اور حکومت پاکستان اہلیان میرپور کی قربانیوں سے آنکھیں چرانے کی بجائے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی طرف توجہ دے۔
ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن سٹی میرپور کے جنرل سیکرٹری ساجد قریشی ایڈووکیٹ نے اپنے اخباری بیان میں کیا ۔جنرل سیکرٹری نے کہا کہ اہلیان میرپور کی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے قربانیوں کا صلہ لوڈ شیڈنگ کی شکل میں دیا جا رہا ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کا منصوبہ منگلا سے پہلے کا ہے لیکن وہاں کے لوگوں کے احتجاج کی وجہ سے کالا باغ ڈیم آج تک تعمیر نہ سکا ہے لیکن منگلا ڈیم کی توسیع بھی عمل میں آچکی ہے انہوں نے کہا کہ کیا کشمیری لاوارث ہیں کہ واپڈا اور حکومت پاکستان جب چاہے ان پر چڑھ دوڑے اس روش کو کسی صورت براداشت نہیں کیا جائے گا جنرل سیکرٹری نے مزید کہا کہ اس ملک میں ڈنڈے کی حکمرانی ہے جو طاقت ور ہے وہ سب کچھ کر سکتا ہے۔
اگر ایسا نظام زیادہ دیر چلتا رہا تو خدا نخواستہ ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ساجد قریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ میرپور کے لوگوں کو تحتہ مشق بنوانے والے مقامی سیاستدانوں ہیں جنہوں نے اپنی جیبیں تو بھر لیں ہیں لیکن متاثرین کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے جس کا حساب لوگ ضرور لیں گے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ میرپور شہر کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔