مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق عوام کی امیدوں پر ضرور پورا اترے گی اور ملک سے توانائی کے بحران سمیت تمام معاشی مسائل کو حل کر کے ہی دَم لے گی۔ آئندہ تین سالوں کے دوران ملک سے لوڈ شیڈنگ جیسے گھمبیر مسئلے کا خاتمہ ہو جائے گا اوراس معاملے میں ہم خود کفیل ہو جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آئی ہے ملک میں معاشی استحکام پیدا ہوا ہے اور ہماری عمدہ پالیسیوں کے باعث سرمایہ کار یہاں کا رْخ کرتے ہیں۔ ہم ملک میں سیاسی استحکام کے حامی ہیں اور سب جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے اْنہیں ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ایم پی اے مسلم لیگ ن محمد یعقوب ندیم سیٹھی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک اِنصاف نے ماضی میں جلد بازی اور عجلت کی سیاست کر کے ملک کی معاشی ترقی میں رکاوٹ پیدا کی جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے لیکن اَب حالات بدل چکے ہیں اور شاید اْنہیں بھی اس بات کا ادراک ہو چکا ہے کہ نظام کے چلنے میں ہی سب کی عافیت ہے۔
موجودہ حکومت نے نامساعد حالات کے باوجود بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ عام آدمی کی حالت زار بہتر بنانے پر یقین رکھتی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں ہمارے ہمسایہ ملک بھارت میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔