اسلام آباد (جیوڈیسک) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف کی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر میرا بس چلے تو اس حکومت کو ایک دن بھی نہ چلنے دوں۔
سکھر میں تحفظ ختم نبوت ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت، آج ایک نام رہ گیا ہے اور موجودہ حکمران کسی بھی طور پر قوم کے نمائندے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں لیڈر وہی ہوتا ہے جو یوٹرن لیتا ہے، کٹھ پتلی کو پاکستان پر حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا بس چلے ایک دن بھی اس حکومت کو چلنے نہیں دوں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان اقتصادی طور پر عالمی مالیاتی اداروں کا غلام بن چکا ہے لیکن ہم پاکستان کو امریکا اور مغرب کی کالونی نہیں بننے دیں گے۔