حکومت مختلف طریقوں سے شریف خاندان کے احتساب کے عمل کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی ہے: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت مختلف طریقوں سے شریف خاندان کے احتساب کے عمل کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا احتساب پہلے روز سے جاری ہے لیکن حکومتی مشینری یہ تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے کہ احتساب کے ذریعے انہیں دوبارہ نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی انکوئری کے نتائج کے منتظر ہیں، یہ تحقیقات وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ پر لگنے والے منی لانڈرنگ کے الزامات کے حوالے سے کی جارہی ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججز نےواضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) مافیا بن چکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وقت تبدیل ہوچکا ہے، جس طرح 1997 میں مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا وہ اب ایسا کرنے کے قابل نہیں۔

انھوں نے الزام لگایا کہ ہر سال منی لانڈرنگ کے ذریعے 10 ارب ڈالر ملک سے باہر بھیجے جاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ دوسری جانب انھوں نے بینکنگ نطام کےذریعے باہر سے ملک میں اپنی دولت منتقل کی۔