لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج کے درمیان تعلقات کو کشیدہ کرنیکی کوشش کی گئی اور اس میں میڈیا کا بہت بڑا کردار تھا۔
گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سال میں اسمبلی میں ایک بھی بل پاس نہ ہونے کی ذمہ داری اپوزیشن پر عائد ہوتی ہے۔ صدر نے اپنی تقریر میں تمام اداروں کو قانون کے مطابق کام کرنے کا کہا ہے، انتخابی اصلاحات ہونی چاہئے۔
تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال مہنگائی میں اضافہ ہوا سرمایہ کاری میں کمی ہوئی اور حکومت کے مطلوبہ اہداف بھی پورے نہیں ہوسکے۔ یہ سال پاکستان کی تاریخ میں سب سے کم سرمایہ کاری والا سال تھا۔ زرمبادلہ کے ذخائر ضرور بڑھے ہیں۔ چین سے 35 ارب روپے کی سرمایہ کاری میں یہ اپنے ہی پیسے کو سرمایہ کاری کے نام پر لا رہے ہیں۔
انہوں نے ایکبار پھر ایسٹ انڈیا کی کمپنی کی یاد دلادی ہے، کچھ لو گ پہلے چین میں اپنا پیسہ شفٹ کریں گے اور پھر اس پر 30 فیصد نفع کی ادائیگی کی جائیگی۔ پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ صدرکا خطاب سن کر ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے وہ کسی اور ملک کے صدر ہوں اور کسی اورملک کے لئے تقریر کررہے ہوں سب اچھا پر مبنی تقریر سے ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے وہ وزیراعظم کے ترجمان ہوں۔ پورے سال میں قومی اسمبلی میں ایک بھی بل پاس نہیں ہوا۔