حکومت پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیخلاف ہم سے انتقام لے رہی ہے، طاہرالقادری

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے باہر کوئی رکاوٹیں نہیں لگی ہوئی حکومت صرف پاک فوج کے حق میں احتجاج اور اظہار یکجہتی کرنے پر ہم سے انتقام لے رہی ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھاکہ حکومت پنجاب جھوٹ بول رہی ہے منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے باہر کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور جو بیریئرز لگے ہوئے ہیں وہ گھر کی حدود میں ہیں جس سے آنے جانے والے لوگوں کو کوئی شکایت نہیں۔

اور نہ ہی گزشتہ 4 سالوں کے دوران اس پر کسی نے اعتراض کیا۔ طاہرالقادری نے کہاکہ پاک فوج کے میڈیا ٹرائل اور کردار کشی کے خلاف سب سے پہلے میں نے آواز اٹھائی اور اس کے خلاف پورے ملک میں پاکستان عوامی تحریک نے احتجاج اور یکجہتی کا اظہار کیا جس کا آج انتقام لیا جارہا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران مظاہرین پر پولیس کی جانب سے سیدھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں درجنوں کارکن شہید ہوچکے ہیں اور اب پولیس اہلکاروں نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں داخل وہاں قبضہ کرلیا لہذا میری آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور قومی اداروں سے درخواست ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ان دہشت گردوں سے سیکریٹریٹ کا قبضہ چھڑوائیں اور نہتے کارکنوں کو بچانے کے لئے علاقے کی سیکیورٹی سنبھالیں۔