کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں بلاول ہاؤس کراچی میں اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر سے پیپلز پارٹی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے قمر الزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ احتساب کے لئے تحریک چلانے کے لئے تنظیم سازی ضروری ہے۔ اگر حکومت نے قبلہ درست نہ کیا تو پھر حکومت کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔
مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ٹی او آرز پر اتفاق نہیں ہو سکا، وزیر داخلہ چودھری نثار وزیر اعظم کو بھی خاطر میں نہیں لاتے۔
قمرالزماں کائرہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس عدالت میں ہیں مگر مسلم لیگ کے خلاف فیصلے مشکل سے ہی آتے ہیں۔