سکھر (جیوڈیسک) سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے حکومت کی حلیف جماعت متحدہ قومی موومنٹ کی طرف سے کارکنوں کے مبینہ ماورائے عدالت قتل پر احتجاج اور یوم سوگ کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ سکھر ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ متحدہ ہماری اتحادی جماعت ہے۔
کارکنوں کی گمشدگی یا ہلاکت کے معاملے پر وہ ہمیں اعتماد میں لے۔ اگر اس کے پاس معلومات ہیں تو ہمیں فراہم کرے۔ ہم نے تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جدید ترین ہتھیاروں کے لیے وفاق سے مزید فنڈز مانگے ہیں مگر اب تک کوئی جواب نہیں آیا۔ سندھ حکومت خود جدید ہتھیار خریدے گی۔ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے پاس جدید ترین ہتھیار ہیں۔ پولیس کو بھی جدید ترین ہتھیاروں اور تربیت کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اندرون سندھ امن کی بحالی کے حوالےسے مجھ پر عوام کا اور پولیس پر میرا دباؤ ہے۔ حالات رفتہ رفتہ بہتر ہوتے جارہے ہیں۔