اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت صبح شام نواز شریف فوبیا میں مبتلا ہے، پوری کابینہ کا اجلاس نواز شریف پر ہوتا ہے۔
احسن اقبال نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کا وقت آگیا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا صبح، دوپہر، شام، رات بس ایک ہی راگ شہباز، شہباز۔ نواز شریف پنجاب حکومت کی سفارش پر عدلیہ کی اجازت سے بیرون ملک گئے، نواز شریف علاج مکمل ہونے اور ڈاکٹرز کی اجازت پر ہی واپس آئیں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اٹارنی جنرل سے بیان حلفی پر کارروائی کے لیے حکومت کا کہنا، نیب نیازی گٹھ جوڑ اور ایف آئی اے کی ناکامیوں کا اعتراف ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔